ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران اداکار امیتابھ بچن کا فرانس کے کھلاڑیوں پر نامناسب تبصرہ ان کے گلے پڑ گیا ہے۔فرانسیسی کھلاڑیوں کی رنگت اور نسل پر کیے گئے ایک ٹوئٹ کے بعد اداکار امیتابھ بچن کو عالمی سطح پر شدید تنقید اور عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
امیتابھ نے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کیا جس نے اس تنازع کو مزید ہوا دے دی ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فرانس نے پیراگوئے کے خلاف شاندار جیت کے بعد بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکسپر ایک ایسا تبصرہ کردیا جس نے انٹرنیٹ پر طوفان کھڑا کر دیا۔امیتابھ بچن نے ٹوئٹ میں لکھا، ورلڈ کپ 2026کے دوران میچ میں 11 کھلاڑیوں میں سے فرانسیسی ٹیم کا ایک کھلاڑی سفید فام جبکہ 10 کھلاڑی سیاہ فارم ہیں۔
بلیک پاور۔امیتابھ بچن کا یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا صارفین کو بالکل پسند نہ آیا اور دنیا بھر کے فٹ بال مداحوں نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔کئی صارفین نے اس ٹوئٹ کو انتہائی غیر حساس اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے عالمی کھیلوں کے ایونٹ میں جہاں نمائندگی اور شناخت کا معاملہ انتہائی نازک ہوتا ہے وہاں امیتابھ بچن جیسے سینئر اداکار کو ایسی رنگ اور نسل پر مبنی باتیں زیب نہیں دیتیں۔
شدید تنقید کی زد میں آنے کے بعد امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ پر براہِ راست اس تنازع کا نام لیے بغیر اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔انہوں نے لکھا، روزانہ کی زندگی ایک نیا سبق، اور سیکھنے کا عمل ہے، اپنی غلطی کا اعتراف کرنا کوئی بری بات نہیں، بلکہ یہ آپ کے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ بعض اوقات کسی بحث اور جھگڑے کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہوتا ہے کہ آپ سامنے والے سے کہہ دیں، ہو سکتا ہے کہ آپ ہی صحیح ہوں۔









