شہباز شریف

عمران خان کو گھبراہٹ سیاسی ملاقاتوں سے نہیں، ملکی تباہی سے ہے،شہباز شریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو گھبراہٹ سیاسی ملاقاتوں سے نہیں، ملکی تباہی سے ہے، حکمرانوں نے معیشت اور ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔

منگل کو شہباز شریف نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو گھبراہٹ اور پریشانی میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں ہے بلکہ انہوں نے ملک میں جو تباہی کی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری ہے اس سے ہے، حکمرانوں نے ریکارڈ قرضہ لئے ہیں اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کچھ نہیں کیا، گندم، شوگر ،ایل این جی سمیت دیگر اسکینڈل میں اربوں کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے، ملک کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی گئی ہے، ان معاملات کی وجہ سے انہیں نیند نہیں آتی۔

دوسری جانب حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کے ساتھ رابطوں سے متعلق صحافی کے سوال پر کہا کہ رابطے سب کے ساتھ ہیں، ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر ہم اپنے کام پر لگے ہوئے ہیں، اللہ بہت جلد عمران نیازی سے عوام کی جان چھڑوائے گا۔