کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصطفی کمال بھی نفرت کو ہوا دے کر لندن والے کے گدی نشین بننا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم کی نفرت اور تقسیم پر مبنی یاست اب مسترد ہوچکی، شہری و دیہی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو عوام نے پہلے بھی سیاسی طور پر دفن کیا اب بھی کریں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند منفی مثالوں اور جھوٹے دعوؤں سے حقیقت تبدیل نہیں کی جا سکتی، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی دیواریں گرائی ، مخالفین نے ہمیشہ تقسیم کی دکان چلانے کی کوشش کی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل اور پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے، کراچی کو دنیا کے سامنے دہشت سے بدنام کرنے والے اب وفاق کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ تقسیم، نفرت اور لسانی تفریق کے گرد گھومتی رہی ہے، عوام ان کے جھوٹے بیانیے اور سیاسی شعبدہ بازیوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں، انتظامی فیصلوں کو لسانی رنگ دینا دراصل اپنی ناکام سیاست کو زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اٹھارہ سالوں کا طعنہ دینے والوں کو عوام نے مسترد کیا، اس کے برعکس عوام نے ہر الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور رہے گا، کوئی اپنے وقتی مفادات کے لیے عوام کو تقسیم نہیں کر سکتا، پاکستان پیپلز پارٹی نے بلا تفریق سندھ کے تمام شہریوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے ، وفاق کو جوڑنے والی جماعت کو کراچی کی تقسیم کا ذمہ دار کہنا مضحکہ خیز ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے عوام کی خدمت کو پاکستان پیپلز پارٹی اپنا مشن سمجھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو شکست دی اور امن، ترقی اور بھائی چارے کو فروغ دیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی کراچی کو تقسیم نہیں کیا، بلکہ ملک کو جوڑے رکھنے، سنوارنے اور ترقی دینے کے لیے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے بچوں کے ہاتھوں میں بندوقیں دے کر کس نے ان کا مستقبل برباد کیا، مصطفیٰ کمال بتائیں کہ لسانی تقسیم، بوری بند نعشیں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کس کی شناخت ہے ؟ سندھ صدیوں سے مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کا گھر ہے، مصطفی کمال جیسے سیاستدان اپنے سیاسی مقاصد کے لئے عوام میں نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔








