لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے احکامات اور جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن (جے ڈبلیو ای سی) کی ہدایات کی روشنی میں پی ایچ اے لاہور نے شہر بھر میں کمزور، خشک اور خستہ حال درختوں کی سائنسی بنیادوں پر جانچ، نشاندہی اور ان کی جگہ نئی شجرکاری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں محکمہ جنگلات، پنجاب یونیورسٹی، محکمہ تحفظ ماحول (ای پی اے) اور پی ایچ اے لاہور کے ماہر افسران کو شامل کیا گیا ہے تاکہ درختوں کی موجودہ صورتحال کا جامع تکنیکی جائزہ لیا جا سکے اور ایسے درختوں کے بارے میں سفارشات مرتب کی جائیں جو شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ اس حوالیسے ایم ڈی ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور راجہ منصور احمد نے کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے مختلف علاقوں میں موجود خشک اور خستہ حال درختوں کی تشخیص، ان کے محفوظ اور بروقت اخراج، اور ان کی جگہ موزوں اقسام کے نئے درخت لگانے کے حوالے سے کام اور پلاننگ شروع کردی ہے۔
راجہ منصور احمد نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور شہر کے سبز حسن، ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے لاہور کے مطابق خستہ حال درختوں کے محفوظ انتظام کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے لاہور کو مزید سرسبز، محفوظ اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔









