فواد چوہدری

ظل شاہ قتل کیس، فواد چودھری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت منظور

لاہو ر(رپورٹنگ آن لائن) لاہورکی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ قتل کیس میں پارٹی رہنمائوں فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے ایڈووکیٹ ظفر اقبال منگن اور سکندر ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستیں دائرکیں، اس سے قبل انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عدم پیروی پرضمانتیں خارج کر دی تھیں۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں وکیل سے استفسار کیا کہ 9بج کر 35منٹ پر تینوں رہنما موجود نہیں تھے،آپ نے پٹیشن میں یہ وقت لکھا ہے۔جواب میں وکیل ظفراقبال منگن ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی اسی وقت درخواستیں خارج ہوئی تھیں، فواد چوہدری شہر سے باہر تھے تاخیر سے لاہور پہنچے۔فواد چوہدری کے وکیل کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث رات سفرنہیں کر سکے، ذاتی مصروفیات کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔

وکیل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے، پولیس نے سرور روڈ تھانہ میں دوسرا مقدمہ درج کیا جس میں پی ٹی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا گیاہے۔وکیل کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کو ایک ، ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے 4 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔