طارق فضل چوہدری 9

طارق فضل چوہدری کی مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوشش اسلام کی مقدس ترین سرزمین کی حرمت کی پامالی ہے۔

بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کسی جنگ کا میدان نہیں، مقدس مقامات کو سیاسی یا عسکری عزائم کے لیے نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہو ں نے کہاکہ حرمین شریفین کو نشانہ بنانا یا ان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ناقابلِ جواز اور ناقابلِ قبول ہے،اس بزدلانہ، اشتعال انگیز اور شرمناک کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سلامتی، امن اور حرمت پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے مقدس اور ناقابلِ سمجھوتہ معاملہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی حرمین شریفین، تمام زائرین اور مقدس سرزمین کو ہر شر اور فتنے سے محفوظ فرمائے اورمقدس سرزمین کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام و نامراد ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں