طارق فضل چودھری 9

طارق فضل چوہدری کا بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراتوار کو اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور قربانی کے جذبے کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا بہترین پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے،پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے جانوں کے نذرانے دینے والے شہدا پر قوم کو فخر ہے،قوم اپنے بہادر افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان جلد دہشت گردی کے عفریت سے مکمل نجات حاصل کرے گا،ملک میں جلد پائیدار امن و استحکام کا خواب شرمند تعبیر ہوگا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور سکیورٹی فورسز کو مستقل امن کے قیام میں کامیاب کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں