اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے وینزویلا میں زلزلے سے تباہی و نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اس آفت میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ افراد کے لیے ہمت، حوصلے اور استقامت کی دعا کی۔
صدرِ مملکت نے امید ظاہر کی کہ وینزویلا کے عوام اس سانحے کا بہادری اور عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور امدادی و ریسکیو سرگرمیاں ضرورت مند افراد تک بروقت مدد پہنچانے میں کامیاب ہوں گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا حکومت، عوام اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں یکے بعد دیگر زلزلے کے شدید جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں، امریکی ماہرین کے مطابق زلزلے کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔









