کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی معروف و سینئر اداکارہ ریما خان نے ماضی میں شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارمنس کو اپنیکیریئر کے خوبصورت اور یادگار تجربات میں سے ایک قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی معروف و سینئر اداکارہ ریما خان نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری، اپنیکیریئر کے مختلف ادوار، دورہ بھارت اور ماضی کی چند یادوں پر گفتگو کی۔
میزبان نے پوچھا کہ جب ریما خان اور ہمایوں سعید نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ پریٹی زنٹا کے ساتھ لندن میں اسٹیج پر پرفارم کیا تھا تو وہ تجربہ کیسا تھااس سوال کے جواب میں ریما خان نے اس لمحے کو اپنے کیریئر کے خوبصورت اور یادگار تجربات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کو اللہ تعالی نے بے پناہ عزت سے نوازا ہے اور انہیں آج بھی بالی ووڈ کا کنگ کہا جاتا ہے اور ان کے ساتھ پرفارم کرنا ایک خوشگوار تجربہ رہا۔
ریما خان نے اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی انڈسٹری کے باقی سب اداکاراں کو خود سے بہتر سمجھتی ہیں کیونکہ ان کا مقابلہ کسی اور سے نہیں بلکہ خود اپنی ذات سے ہوتا ہے۔ریما خان نے اسٹیج پر پرفارمنس سے پہلے شاہ رخ خان سے ہوئی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔یاد رہے کہ شاہ رخ خان، پریتی زنٹا، ہمایوں سعید اور ریما خان نے 2005 کے زی سینما ایوارڈز میں مل کر فلم ویر زارا کے گانے پر پرفارمنس دی تھی جسے شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔









