کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے سی ٹی ڈی میں بھرتی کے امیدوار کو انٹرویو میں نصف نمبر کی کمی پر رعایت دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی ایک امیدوار کے حق میں معیار کم یا ختم نہیں کیا جاسکتا، ایسی نرمی دیگر امیدواروں کے حقوق متاثر کرے گی۔سماعت کے دوران درخواست گزار نعیم حسین شاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے 2017 میں تحریری امتحان اور جسمانی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کئے تھے، تاہم انٹرویو میں صرف نصف نمبر کم ہونے پر اسے ناکام قرار دیا گیا۔پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ امیدوار مقررہ کم از کم نمبر حاصل نہیں کرسکا، جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ بھرتی پالیسی میں مقررہ نمبروں میں کمی یا راؤنڈ آف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ قانونی دائرہ اختیار کو نیا قانونی حق پیدا کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، ریکارڈ پر بدنیتی ثابت نہ ہو تو انٹرویو بورڈ کی رائے تبدیل نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے مزید کہا کہ دیگر کم نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کی کامیابی درخواست گزار کو نصف نمبر کی رعایت دینے کی بنیاد نہیں بن سکتی۔ عدالت نے قرار دیا کہ بھرتی کا عمل 2016ئ میں ہوا جبکہ درخواست نو برس بعد دائر کی گئی۔









