اشرف بھٹی 8

سرکاری ادارے تاجر تنظیموں سے رابطوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر کریں، آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ایف بی آر ،پیرا فورس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ ماحولیات اور دیگر سرکاری ادارے مارکیٹوں میں براہ راست کارروائیوں کرنے کی بجائے پہلے مارکیٹوں کے عہدیداران سے پیشگی ملاقاتیں کر کے نشاندہی اور ان کے حل کیلئے مشاورت کریں،تمام متعلقہ محکمے مارکیٹوں کے عہدیداران سے رابطوں اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے فوکل پرسنز مقرر کریں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ تاجر برادری قانون کی پاسداری اور سرکاری اداروں سے تعاون کیلئے تیار ہے تاہم بلا اطلاع کارروائیوں سے کاروباری حلقوں میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر مسائل باہمی مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے حل کئے جا سکتے ہیں۔ شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کو ہراساں کرنے کی بجائے انہیں اعتماد میں لے کر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں میں کارروائی سے قبل متعلقہ تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے۔

فوکل پرسنز کی تعیناتی سے تاجروں اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کا موثر نظام قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کرے۔ تاجر برادری معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں