ہمایوں اختر خان 36

سیلاب متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے فوری جامع پیکج کا اعلان کیا جانا چاہیے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی ترقی ،خوشحالی اور ان کی زندگیوں میں آسودگی لاناہے ،سبزباغ دکھانے کی بجائے حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن عملی اقدامات کر رہے ہیں ،سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے فوری جامع پیکج کا اعلان کیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97میں پٹھانہ چوک سے چک نمبر 541 گ ب چکیاں والا گائوں تک سڑک کی تعمیر کا جائزہ لینے کے موقع پر علاقہ عمائدین اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مذکورہ منصوبے سمیت دیگر شاہراہوں کی تعمیر کے لئے ہمایوں اختر خان کی کاوشوں سے خصوصی طورپر160 ملین روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔اس موقع پر چوہدری عثمان کاہلوں ،چوہدری محمد اکرام گریوال سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ذاتی مفادات نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے،پہلے دن سے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں اور اس میں کوئی تعطل نہیں آیا ۔ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ہم عوام میں سے ہیں اور انہیں کسی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا اور ان شا اللہ آئندہ بھی اس پر عمل پیرا رہیں گے۔ ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کے گھروں میں بھی گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں