اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، اجتماعی سلامتی اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ معاہدہ امن، استحکام اور اسٹریٹجک شراکت داری کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور مسلم دنیا میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو ان کی دوراندیش قیادت اور مؤثر سفارتی کاوشوں پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندانہ رہنمائی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور ملک کو ایک ذمہ دار، امن پسند ریاست کے طور پر مزید مستحکم شناخت دی ہے جو خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے معاہدے کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی اقدام کو بابرکت بنائے اور مسلم اْمہ کو دائمی امن، سلامتی اور خوشحالی سے نوازے۔









