اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی والی بال ٹیم کو چیمپئن بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کوچز، ٹیم مینجمنٹ اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
اتوار کو سپیکر میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے والی بال ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی قوم کیلئے باعث فخر ہے،والی بال ٹیم نے ٹیم ورک، محنت اور جذبے سے فتح حاصل کی، پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی مختلف کھیلوں میں مسلسل کامیابیاں قابل ستائش ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ پاکستانی نوجوان ہر شعبے میں ملک کا نام مسلسل سر بلند کر رہے ہیں،ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کامیابیاں نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں، والی بال میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کھیلوں کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔









