اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک محمد اقبال کی وفات سے پارلیمان ایک مخلص، باوقار اور عوام دوست رکن سے محروم ہوگئی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک محمد اقبال کی پارلیمانی، سیاسی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،مرحوم نے عوامی خدمت کو ہمیشہ اپنی سیاسی زندگی کا شعار بنائے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک محمد اقبال کی خدمات قومی سیاست اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے قابلِ قدر ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ان کے والد محترم کی وفات پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والد کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی ۔









