سپریم کورٹ آف پاکستان 8

سپریم کورٹ کا چیئرمین وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کی اہلیت پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کی اہلیت پر تشویش کا اظہار کر دیا۔عدالت میں وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ محتسب برائے انسدادِ ہراسانی نے بیانِ حلفی میں تسلیم کیا کہ انہیں قانون کا علم نہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ لوگ انصاف کے لیے چیئرمین وفاقی محتسب انسدادِ ہراسانی کے پاس جاتے ہیں، جب چیئرمین وفاقی محتسب انسدادِ ہراسانی کو قانون کا علم نہیں تو لوگوں کو کیا ریلیف ملے گا؟ قانون کا علم نہ ہونے کے باوجود آپ نیاپیل کیسے دائر کی؟وکیلِ محتسب برائے انسدادِ ہراسانی نے جواب دیا کہ قانونی سوال ہے کہ آیا سروس ٹریبونل محتسب کے ملازمین کے کیسز سن سکتا ہے؟

یہ جواب سن کر جسٹس شاہد وحید نے پوچھا کہ چیئرمین وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کون ہیں؟وکیلِ درخواست گزار نے جواب دیا کہ فوزیہ وقار چیئرمین وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی ہیں۔جسٹس شاہد وحید نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کیا ایسی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق آبزرویشن دی جائے؟ کیوں نہ چیئرمین وفاقی محتسب انسدادِ ہراسانی کی اپیل جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے؟یہ تجویز سننے کے بعد چیئرمین وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کے وکیل نے اپنی اپیل واپس لے لی اور سپریم کورٹ نے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں