سپریم کورٹ آف پاکستان 13

سپریم کورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منسوخی کی اپیل نمٹا دی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) سپریم کورٹ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست نمٹا دی، جبکہ محمد خان بھٹی کی ضمانت منسوخی کی اپیل بھی خارج کر دی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اب تک 18 مرتبہ التوا حاصل کیا ہے اور ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہے۔

اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ ملزمان ٹرائل کورٹ میں کیوں پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کے دعوے حقائق کے برعکس ہیں، پرویز الٰہی ایک سال جیل میں رہے، جبکہ اب تک نہ چارج فریم ہوا ہے اور نہ ہی کوئی شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شواہد پیش کرنا پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے، تاہم عدالت میں ملزمان کی حاضری لازمی ہے اور قانون سے غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اگر ملزمان ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوتے تو متعلقہ عدالت ان کی ضمانت خارج کرنے کا اختیار رکھتی ہے، عدالتِ عظمیٰ نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر کیس کی سماعت کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں