لاہور(رپورٹنگ آن لائن )درآمدی سولر پینلز کی کسٹمز ویلیو میں 20سے 30فیصد اضافہ کر دیا گیاہے۔ اس حوالے سے ویلیوایشن رولنگ نمبر 2077آف 2026جاری کی گئی۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اس سے قبل سولر پینلز کی کسٹمز ویلیو رولنگ نمبر 2012-2025کے تحت مقرر تھی تاہم یہ رولنگ تقریبا ایک سال پرانی ہو چکی تھی اور اس دوران عالمی منڈی میں ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نئی ویلیو طے کرنے کے لیے کسٹمز ایکٹ 1969کی سیکشن 25Aکے تحت درآمدی ڈیٹا، ڈکلئیرڈ ویلیوز، اسیسڈ ویلیوز اور موجودہ مارکیٹ ریٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں تمام فریقین کے موقف سنے گئے۔
کسٹمز حکام کے مطابق ویلیو کے تعین میں قانون کے مطابق مختلف طریقہ کار پر غور کیا گیا تاہم ٹرانزیکشن ویلیو میتھڈ قابلِ عمل ثابت نہ ہوا۔ بعد ازاں آئڈینٹیکل اور سیمیلر گڈز ویلیو میتھڈز کا جائزہ لیا گیا اور بالآخر سیمیلر گڈز ویلیو میتھڈ کی بنیاد پر نئی کسٹمز ویلیو مقرر کی گئی۔حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد درآمدی اعداد و شمار اور عالمی قیمتوں کے مطابق کسٹمز ویلیو کو ہم آہنگ کرنا ہے۔






