سندھ ہائی کورٹ 6

سندھ ہائی کورٹ،ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ قیدی کے علاج معالجے سے متعلق درخواست پر جیل حکام سے 30جون تک تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ قیدی شکیل صدیقی کے علاج معالجے سے متعلق درخواست پر جیل حکام سے 30 جون تک تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بدھ کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ہائی پروفائل ملزم شکیل صدیقی کی طبیعت کی خرابی سے متعلق اہلخانہ کی مکمل علاج معالج کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ملزم شکیل صدیقی 2015 سے جیل میں قید ہے۔ ملزم کو ملٹری کورٹ نے مختلف الزامات کے تحت 25 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

ملزم جیل سزا پوری کر رہا ہے تاہم کچھ مہینوں سے گردوں کی تکلیف میں مبتلا ہے۔ جیل انتظامیہ نے ملزم کو علاج جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھا ہوا ہے۔ جیل میں علاج کی سہولیات ناکافی ہیں، جیل سے باہر کسی اسپتال میں فوری علاج کروانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو علاج کی ضرورت ہے تو بندوبست کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے جیل حکام سے 30 جون تک ملزم میڈیکل رپورٹ طلب کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں