کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے راشد منہاس روڈ پر واقع پیٹرول پمپ سیل کرنے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور دیگر کو مستقبل میں پیٹرول پمپ سیل کرنے سے روک دیا۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں راشد منہاس روڈ پر واقع پیٹرول پمپ سیل کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل احمد مسعود ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ 10 مارچ کو ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے دوسری کمپنی کا پیٹرول فروخت کرنے کے الزام پر پمپ سیل کردیا۔ درخواستگزار قانون کے مطابق پیٹرول فروخت کرتا ہے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان شازیہ ہنجرہ نے موقف اپنایا کہ درخواست میں وفاقی حکومت کو فریقین بنایا گیا ہے، معاملہ صوبائی حکومت کا ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور دیگر کو مستقبل میں پیٹرول پمپ سیل کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر صوبائی حکومت، ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور دیگر سے رپورٹ طلب کرلی۔









