سعید غنی 9

سعید غنی کا محمد دانش خان کے انتقال پر اظہارِ افسوس، ملک مخلص کاروباری و سماجی شخصیت سے محروم ہوگیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر محمد دانش خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں سعید غنی نے کہا کہ محمد دانش خان ایک صنعتکار ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی سوچ رکھنے والی اور صوبے سمیت ملک کے لیے دردِ دل رکھنے والی شخصیت تھے۔

ان کی کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ عوامی اور سماجی معاملات میں دلچسپی بھی نمایاں تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مرحوم دانش خان کی صلاحیتوں اور عوام سے محبت کے جذبے کے پیش نظر پاکستان پیپلز پارٹی نے انہیں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا تھا۔سعید غنی نے کہا کہ محمد دانش خان کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص، بے لوث اور عوام سے محبت کرنے والی کاروباری و سماجی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔

ان کی وفات نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ ان کے حلقہ احباب اور سیاسی و کاروباری برادری کے لیے بھی افسوس کا باعث ہے۔صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں