اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے فتنہ الخوارج کے 24 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کی جراء ت و بہادری قابلِ تحسین ہے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے۔
انہوںنے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیابی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کی عکاس ہے، سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ جراء ت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں، پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی









