مرتضی وہاب 16

سندھ حکومت اچھے کام کرتی ہے مگر تشہیر میں ناکام رہتی ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، تاہم ان اقدامات کی مناسب تشہیر نہ ہونے کے باعث عوام تک ان کی مکمل آگاہی نہیں پہنچ پاتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اچھے کام کرتی ہے مگر تشہیر میں ناکام رہتی ہے۔

لیگل ایڈ سوسائٹی اور محکمہ قانون سندھ کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیگل ایڈ سوسائٹی کی خدمات صرف سندھ تک محدود نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے قانونی معاونت کی فراہمی ایک اہم اور قابلِ قدر کامیابی ہے، جس سے معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کو انصاف تک رسائی میں مدد مل رہی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی لیگل ایڈ سوسائٹی کے ذریعے قانونی مشورے اور رہنمائی حاصل کر رہے ہیں، جو اس ادارے پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر اور صوبے کی ترقی کے لیے مثبت سوچ، مؤثر منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کی فلاح، انصاف کی فراہمی اور اداروں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے جن سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں