لاہور، ٹیوشن سینٹر 10

زیادہ ملبہ ڈالنے سے ٹیوشن سینٹر کی چھت گری ،بچوں کی اموات سر کی ہڈیوں پر زیادہ چوٹیں آنے سے ہوئیں، تحقیقاتی رپورٹ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سانحہ کاہنہ کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو بھجوا دی گئی۔میڈیارپورٹ کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ ملبہ ڈالنے سے چھت گری،ٹی آر گارڈر کی چھت پر بچوں کی موجودگی میں مٹی ڈلوانا غیرذمہ داری تھی، کمزور ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیچر34بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی ہے،چھت گرنے کے وقت ٹیچر اور 20بچے نیچے موجود تھے،بچوں کی اموات سر کی ہڈیوں پر زیادہ چوٹیں آنے سے ہوئیں،چھت گرنے سے 14بچے جاں بحق جبکہ 6زخمی ہوئے،کسی متعلقہ سرکاری ادارے کے کسی اہلکار کی غفلت نظر نہیں آئی،مقدمہ درج کرکے گھر کے مالک، اس کے بھائی سمیت 5افراد کو حراست میں لیا۔

ماہرین کی رائے بھی رپورٹ میں شامل کی گئی ہے ،وزیراعلی پنجاب کو بھجوائی گئی رپورٹ پر باریک بینی سے غور شروع کر دیا گیا،مریم نواز نے کہا ہے کہ شہر بھر کے ٹیوشن سینٹرز کو بھی ایس او پیز مکمل کرنا ہوگا۔دوسری جانب سانحہ کاہنہ میں 14 معصوم بچوں کی شہادت کے بعد محکمہ تعلیم اور اس کے ماتحت متعلقہ اداروں نے گلی محلوں میں قائم تمام ٹیوشن اور کوچنگ سینٹرز کو تین روز کے اندر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جب کہ حادثے کے بعد محکمہ تعلیم کے سربراہ طارق محمود نے بتایا تھا کہ اس طرح کا کوئی میکنزم نہیں کہ گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹر محکمہ تعلیم کے ماتحت ہوں یا ان کو رجسٹر کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں