زرعی یونیورسٹی

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد واہڈیاں میلے کا انعقاد کیا گیا

مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد واہڈیاں میلے کا انعقاد کیا گیا ۔

سینئر ٹیوٹر آفس اور ڈائریکٹوریٹ آف فارم کے زیراہتمام میلے کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کیا جبکہ اس موقع پر ترقی پسند کاشتکار ثروت ملک، عمران ناصر، ڈین فوڈ سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈائریکٹر فارم شاہد ابن ضمیر، ڈی جی نیفسیٹ ڈاکٹر عمران پاشا، ڈی ایس اے ڈاکٹر ندیم عباس ، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر عمیرگل و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے موقع پر صدیوں سے میلہ جات کا انعقاد ہماری روایت رہی ہے کیونکہ اس وقت کسان کو اس کی محنت کا پھل ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلیوںکے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے گندم کی نئی اقسام متعارف کروائی گئی ہے جس سے پیداوار میں واضع اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ اس سال ملک میں گندم کی پیداوار بہترین ہوئی ہے تاہم کاشتکار کو اس کی محنت کا مطلوبہ پھل نہیں مل پارہا جس کے لئے مارکیٹ فورسز میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی گزشتہ چند سالوں سے محکمہ زراعت کے تعاون سے ملک بھر میں گندم بڑھاؤ مہم کے تحت گاؤں گاؤں کھلیان کھلیان جا کر زرعی سفارشات سے آگاہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی میلہ جات کا انعقاد جامعہ زرعیہ کا خاصا رہا ہے تاکہ کاشتکاروں اور انڈسٹری کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کر کے جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دسترس تک پہنچایا جائے۔

ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر نے کہا کہ اس سال زرعی یونیورسٹی میں بہترین گندم کی پیداوار ہوئی ہے اور یونیورسٹی کوشاں ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو کھیتوں تک لے کر جایا جا سکے۔ ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ میلے کے تحت دیہی ثقافت کے حسین رنگوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو ہماری مشرقی روایات سے روشناس کرواتے ہوئے دنیا میں اپنا منفرد مقام قائم رکھنے میں مدد مل سکے۔