حسان خاور

راوی ریور فرنٹ منصوبہ وزیر اعظم کے خواب کی تکمیل ہے، حسان خاور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ دریائے راوی کے دونوں کناروں پر 46 کلومیٹر لمبے حصے پر راوی ریور فرنٹ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کے خواب کی تکمیل ہے۔

حسان خاور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یہ منصوبہ شہری پھیلاو کو روکنے، پانی کی سطح کو بلند کرنے اور دریائے راوی کو بحال کرنے میں مدد کرے گا۔وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا کہ اس منصوبے کا پہلا زون چاہار باغ شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے زیادہ آبادی، ٹریفک کی بھیڑ، آلودگی اور پانی کی کمی سے نمٹنے کے لیے اس منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔حسان خاور نے کہا کہ پہلا مرحلہ 15,000 ایکڑ پر محیط ہوگا اور اس میں سیفائر، ایگری، نالج، ایمرلڈ بے، ٹوپاز بلاک، بیراجز اور جھیل شامل ہیں۔

پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ راوی سٹی صوبے میں نجی سرمایہ کاری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ذریعے زرمبادلہ لائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پراجیکٹ دریا راوی کو ریچارج بھی کرے گا اور ایک عظیم الشان اور جدید منصوبے کے ذریعے ہاوسنگ اور تعمیراتی صنعت اور متعلقہ صنعتوں کے ذریعے لاکھوں ملازمتیں بھی پیدا کرے گا۔