اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور انکے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دیں گے، دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہوں گے انہیں سختی سے نشانہ بنائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز، پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور دستوں کے اعلیٰ حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں خطرات کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ ہم اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے اور وہ جہاں کہیں بھی ہوں گے انہیں بھرپور انداز میں نشانہ بنائیں گے۔سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیاکہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے بگڑے ہوئے نظریات کو ضرور شکست دے گا۔قبل ازیں پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔









