کراچی(ٕرپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں وطن کے دفاع کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ دفاعِ پاکستان میں سندھ کے بہادر سپوتوں کا کردار قومی تاریخ کا روشن باب ہے، سندھ کی دھرتی نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنے بیٹوں کو قربان کیا ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے شہداء نے وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ان کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
سندھ کے لوگوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی بندرگاہیں اور ساحلی پٹی پاکستان کے دفاع میں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، جبکہ پاکستان نیوی کے بہادر جوانوں نے سمندری محاذ پر بھی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ دفاعِ وطن صرف سرحدوں کے دفاع کا نام نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، امن اور قومی یکجہتی کا تحفظ بھی اس کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی مسلح افواج اور عوام کے اتحاد میں ہے۔ سندھ کے عوام پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں کھڑے رہیں گے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قوم اپنے شہداء ، غازیوں، جنگی ہیروز اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہدا کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کے خون سے آزادی، سلامتی اور خودمختاری کی داستان رقم ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے قوم کو اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سندھ کی دھرتی سے آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت، وحدت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے شہداء اور غازیوں کو سلام، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔پاکستان زندہ باد، سندھ پائندہ باد۔









