درآمدات 11

جولائی ،اگست میںگاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 80 فیصد اضافہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان میں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے میں 30 ہزار 933 مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فروخت کی تعداد اس کے مقابلے میں نمایاں کم تھی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست میں گاڑیوں کی پیداوار بھی سالانہ بنیادوں پر 36 فیصد اضافے کے ساتھ 30 ہزار 574 یونٹس رہی۔ ٹرکوں کی فروخت 81 فیصد بڑھ کر ایک ہزار 656 یونٹس جبکہ بسوں کی فروخت 9 فیصد اضافے کے ساتھ 138 یونٹس تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں ٹرک اور بسوں کی مجموعی فروخت 73 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہزار 794 یونٹس رہی۔اسی طرح موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 29 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 3 لاکھ 51 ہزار 492 یونٹس فروخت ہوئے۔

ٹریکٹروں کی فروخت بھی 5 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 294 یونٹس رہی تاہم اس دوران ٹریکٹرز کی پیداوار میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ایک رپورٹ کے مطابق غیر یقینی صورتحال کے باعث بعض مینوفیکچررز کے پاس فروخت نہ ہونے والی گاڑیوں کا ذخیرہ بڑھ رہا ہے جبکہ صارفین بھی خریداری کے فیصلے موخر کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں