لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ عید کی خوشیاں دکھی انسانیت کیلئے وقف کرنے والے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس مبارکباد کے مستحق ہیں،ایسے ملازمین کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کی بجائے مریضوں کی خدمت کیلئے عید جیسے موقع پر وقت نکالنا ہر لحاظ سے لائق تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے مریضوں کے پاس جا کر فرداً فرداًاُن کے بیڈز پراُن کی عیادت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر عبدالعزیزو دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی اُن کے ہمرا تھے۔اس موقع پر فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے پرنسپل کو بتایا کہ عید الضحیٰ کی تین تعطیلات کے دوارن 5272مریض ہسپتال آئے جنہیں حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تمام طبی و تشخیصی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی گئیں اور اُن کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دی گئی۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ عید اور ٹرو پر مریضوں اور اُن کے لواحقین کو سپیشل کھانا بھی فراہم کیا گیا جس کا مقصد یہ تھا کہ دور دراز کے علاقوں سے علاج کیلئے آئے ہوئے بیماروں اور تیمارداروں کو گھر جیسا ماحول میسر ہواور اس روائیت کو برقرار رکھا جائے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ اور ملازمین مذہبی تہواروں پر بھی مریضوں کی نگہداشت کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کورونا وائرس سے پاکستانی شہریوں کے تحفظ کیلئے میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد جس جاں فشانی سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے سٹاف کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا تاکہ اُن کی خدمات کا عملی طور پر اعتراف کیا جا سکے۔





