چیف جسٹس 8

ججز کو مضبوط بنا کر ہی نظامِ انصاف کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاہے کہ آزاد، غیر جانبدار اور معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت درکار ہے، پیشہ ورانہ ترقی، جدید عدالتی ماحول اور مؤثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہفتہ کو عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد صرف قوانین اور ادارے نہیں بلکہ ججز کی فلاح و بہبود بھی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عدالتی فلاح و بہبود انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی آزادی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کی بنیاد ہے، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہاکہ ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آزاد، غیر جانبدار اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت درکار ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہاکہ پیشہ ورانہ ترقی، جدید عدالتی ماحول اور مؤثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی عدلیہ اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں عدالتی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہاکہ ڈیجیٹل تبدیلی، بہتر عدالتی انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی معاونت اور عدالتی تعلیم اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک بھر کے ججز کی دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ججز کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے ججز عدلیہ کی اعلیٰ روایات کی عملی مثال ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود انصاف کے انسانی پہلو اور اعلیٰ عدالتی معیار سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر جج باوقار، پْراعتماد اور مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے کے لیے ادارہ جاتی معاونت کا مستحق ہے۔ انہوںنے کہاکہ ججز کو مضبوط بنا کر ہی نظامِ انصاف کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں