حکومت 10

جاپان کا نیا” ڈیفنس وائٹ پیپر” جھوٹے بیانیے سے بھرپور ہے ، چینی وزارتِ دفاع

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)جاپانی حکومت کے جاری کردہ 2026 کے ڈیفنس وائٹ پیپر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چین کی وزارتِ دفاع کے ترجمان چھن شی نے کہا کہ جاپان کا نیا” ڈیفنس وائٹ پیپر” جھوٹے بیانیے سے بھرپور ہے، جس میں مبینہ طور پر “علاقائی سلامتی کے بحران” کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے اور نام نہاد “چین کے خطرے” کا پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔ یہ سب اپنی عسکری توسیع کے لیے جواز پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ چین اس پر شدید عدم اطمینان اور سخت مخالفت کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جاپانی حکومت بدستور “صرف دفاع” کی پالیسی کی آڑ میں سلامتی سے متعلق تین بنیادی دستاویزات میں تیزی سے ترامیم کر رہی ہے، دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے، طویل فاصلے تک حملہ کرنے کی صلاحیت کو فروغ دے رہی ہے اور خلائی میدان کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان فوجی صنعت کی توسیع کو معاشی ترقی کا ذریعہ بنا کر پیش کر رہا ہے اور عسکری توسیع کو قومی نظام، معیشت اور عوامی رائے کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جاپان کا “نیا عسکریت پسند رجحان” جنگِ عظیم دوم کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کے لیے ایک سنگین چیلنج اور علاقائی امن و استحکام کے لیے حقیقی خطرہ بن چکا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ تائیوان کا معاملہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے براہِ راست جڑا ہوا ہے اور چین۔جاپان تعلقات کی سیاسی بنیاد کا اہم حصہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے جاپان پر زور دیا کہ وہ اپنی جارحیت کی تاریخ پر سنجیدگی سے غور کرے، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے، جاپانی عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنا چھوڑ دے اور دوبارہ عسکریت کے راستے پر مزید آگے نہ بڑھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں