بلاول بھٹو 10

تھرپارکر ایمبولینس حادثہ: بلاول بھٹو کا نوٹس، شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل اور شفاف تحقیقات کرانے اور حقائق منظرِ عام پر لانے کی ہدایت کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک حادثے نے انہیں صدمے سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی بہترین طبی نگہداشت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل، غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں انسانی غفلت یا کسی مجرمانہ فعل کا ثبوت ملتا ہے تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر میں مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ نظام اور حفاظتی انتظامات کا جامع جائزہ لیا جائے اور ضروری اصلاحات کے ساتھ مؤثر اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں