گورنر سندھ 9

نگہداشت اور معاونت مہذب، ہمدرد اور فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یوم نگہداشت و معاونت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نگہداشت اور معاونت ایک مہذب، ہمدرد اور فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے۔ بزرگوں، بچوں، خصوصی افراد اور ضرورت مندوں کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں انفرادی و اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ خاندان اور معاشرے کی مضبوطی میں نگہداشت کرنے والوں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ایسے افراد دوسروں کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں بہتر زندگی گزارنے میں مدد دینے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ نگہداشت کے شعبے سے وابستہ افراد کو مناسب سہولیات، پیشہ ورانہ تربیت اور سماجی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔ انہوں نے خواتین کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین گھر، خاندان اور معاشرے میں نگہداشت اور معاونت کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں نبھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر فرد کو عزت، توجہ اور ضروری معاونت میسر ہو۔

اس مقصد کے لیے حکومت اور معاشرے کو مل کر نگہداشت اور معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہوگا تاکہ ضرورت مند افراد کی ضروریات بہتر طور پر پوری کی جا سکیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات بھی بزرگوں، بیماروں اور ضرورت مندوں کی دیکھ بھال، خدمت اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا درس دیتی ہیں۔ ان تعلیمات پر عمل کرکے معاشرے میں ہمدردی، احساسِ ذمہ داری اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں