کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں 2 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اظہر 5 مئی سے لاپتا ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ تھانہ زمان ٹاون کے علاقے سے لاپتا شہری پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ اظہر زمان ٹاون پولیس کو دو مقدمات میں مطلوب تھا۔ جسٹس محمد سلیم جیسر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بازیابی کی درخواست دائر کی گئی، گمشدہ شہری کا سراغ لگ چکا ہے۔
ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا مقصد پورا ہوچکا ہے، باقی جو اعتراضات ہیں متعلقہ فورم پر اٹھائے جائیں۔ عدالت نے شہری اظہر کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ تھانہ سچل کے علاقے سے لاپتا شہری موسی کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ عدالت نے لاپتا شہری موسی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فریقین سے 15 جولائی کو رپورٹ طلب کرلی۔







