دنانیر مبین 30

تصاویر کے پیچھے ایک حقیقی انسان موجود ہوتا ہے: دنانیر مبین

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے سوشل میڈیا پر اپنی جلد سے متعلق مسائل پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ تصاویر کے پیچھے ایک حقیقی انسان موجود ہوتا ہے، اس لیے تبصرہ کرتے وقت نرمی اور مہربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی جلد پر ہونے والے ایکنی کے تجربے کو بیان کیا، انہوں نے اس کیفیت سے پہلے، دوران اور بعد کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیں اور بتایا کہ گزشتہ چند مہینوں میں ان کی جلد نے ایک مشکل مرحلہ دیکھا۔

دنانیر کے مطابق تیز روشنیوں، روزانہ میک اپ، نامناسب علاج اور کم عمری میں ہارمونز کی تبدیلیوں نے ان کی جلد پر منفی اثر ڈالا، جس کے باعث انہیں شدید جلدی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب ان کی جلد بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والی فلٹر شدہ اور ترمیم شدہ تصاویر جیسی نہیں لگتیں کیونکہ وہ بھی ایک عام انسان ہیں، خاص طور پر آن لائن دنیا میں نمایاں نوجوان خواتین کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اکثر لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ تصاویر کے پیچھے حقیقی جذبات رکھنے والے انسان ہوتے ہیں۔

دنانیر نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “تھوڑی سی مہربانی بہت دور تک جا سکتی ہے، جبکہ معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی دنانیر مبین کی حمایت کرتے ہوئے ان کی پوسٹ کو اپنی انسٹاگرام سٹوری پر بغیر کسی تبصرے کے شیئر کیا، جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں