سپیکر قومی اسمبلی

تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں ہر ممکن تعاون کروں گا۔، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی کے لئے گراں قدر کردار ادا کر رہی ہے لہذا ان کے اہم مسائل کو حل کرانے میں وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایف بی آر اور کاروبار سے وابستہ دیگر اداروں کے نمائندگان کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں بلا کر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے میں تعاون کریں گے تاکہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے میں سہولت محسوس کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر اور یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کورآرڈینٹر ملک سہیل حسین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سبکدوش ہونے والے عہدیداران محمد احمد وحید صدر، طاہر عباسی سینئر نائب صدر اور سیف الرحمن خان نائب صدر کے اعزاز میں کیا۔محترمہ ساجدہ ذوالفقار اور محترمہ منزہ حسن ممبرز قومی اسمبلی ، سردار تنویر الیاس خان چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ، آئی سی سی آئی کے نومنتخب صدر سردار یاسر الیاس خان ، مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز، ، فیڈریشن کے سابق صدور عبد الروف عالم اور غضنفر بلور، آئی سی سی آئی کے سابق صدور بشمول خالد جاوید، طارق صادق، اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، سفارت کاروں اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے عشائیے میں شرکت کی۔

محترمہ ساجدہ ذوالفقار ایم این اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی سی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر محمد احمد وحید اور ان کی ٹیم نے اپنے دور میں بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سے اچھے کام کئے جو قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار یاسر الیاس خان کی سربراہی میں آئی سی سی آئی کی آنے والی ٹیم کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے مزید بہتر کام کرے گی۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے شرکا کو صوبہ پنجاب میںپائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ تاجر برادری ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی ہر ممکن کوشش کرے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سبکدوش ہونے والے صدر محمد احمد وحید نے اپنے دور کی نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں انتھک کوششوں سے سی ڈی اے اور، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں سے بزنس کمیونٹی کے بعض دیرینہ مسائل حل کرائے گئے اور امیدظاہر کی کہ ان کے جانشین بزنس کمیونٹی کے مفادات کے فروغ کیلئے مزید مثبت اقدامات اٹھائیں گے۔ آئی سی سی آئی کے نومنتخب صدر سردار یاسر الیاس خان نے اپنے پیش رو کی کامیابیوں کو سراہا جنہوں نے اپنے دورمیں کارکردگی کے اعلی معیار قائم کئے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے دور میں اسلام آباد میں ٹاپ کلاس ایکسپو کے انعقاد کے علاوہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے کوشش کریں گے جبکہ کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔

ملک سہیل حسین سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی اور چیف کوآرڈینٹر ایف پی سی سی آئی آئی یو بی جی نے آئی سی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے عہدیداران محمد احمد وحید صدر، طاہر عباسی سینئر نائب صدر اور سیف الرحمن خان نائب صدر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے تاجر برادری کے مفادات کو موثر انداز میں فروغ دینے کے لئے مفید خدمات انجام دیں ۔انہوں نے اس توقع کااظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کے لئے مزید فعال کردار ادا کریں گے۔