راجہ پرویز اشرف 6

بیگم نصرت بھٹو جمہوریت، قربانی اور استقامت کی علامت تھیں’راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جمہوریت، قربانی، عزم اور حوصلے کی علامت تھیں، انہوں نے جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ناقابلِ فراموش جدوجہد کی، جسے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے دور میں جمہوری جدوجہد کی روشن مثال قائم کی اور مشکل حالات میں جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں۔ ان کی سیاسی جدوجہد اور ثابت قدمی جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بیگم نصرت بھٹو کے جمہوری مشن کو آگے بڑھا رہی ہے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کا استعارہ ہے۔ انہوں نے نامساعد حالات میں بھی جمہوری اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور عزم و استقامت کی مثال قائم کی۔

ان کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم باب ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے جمہوریت کی خاطر صعوبتیں برداشت کیں اور اپنی جدوجہد سے تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے جمہوری نظریات اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی جمہوریت پسندوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بیگم نصرت بھٹو کے نظریات پر کاربند رہتے ہوئے جمہوریت اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں