تھامس ٹوخل 13

بڑی شکست کا درد ہمیشہ زیادہ ہوتا ہے: ارجنٹینا کیخلاف شکست پر انگلش فٹبال ہیڈ کوچ کا بیان

نیو یارک (رپورٹنگ آن لائن) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کے بعد انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے کہا ہے کہ بڑی شکست کا درد ہمیشہ زیادہ ہوتا ہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تھامس ٹوخل نے کہا کہ ٹیم نے اپنی بھرپور کوشش کی لیکن ارجنٹینا نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی لیکن کھیل کا تقاضا ہے کہ سامنے والے کی کارکردگی اور کامیابی کا احترام کیا جائے۔

انگلش فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ اگر مقابلے کے پہلے 55 منٹ دیکھے جائیں تو انگلینڈ نے 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی تھی مگر اس گول کے بعد میچ کا رخ مکمل طور پر تبدیل ہوگیا اور آخری آدھے گھنٹے میں ارجنٹینا بہتر ٹیم ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے میدان میں اپنی پوری توانائی صرف کی اور اب اس شکست سے سبق سیکھ کر مضبوط انداز میں واپسی کرنا ہوگی۔انگلینڈ کے کوچ کا کہنا تھا کہ 1-0 سے پیچھے ہونے کے بعد ارجنٹینا نے بے خوف انداز اپنایا زیادہ خطرات مول لیے اور یہی چیز ان کی طاقت بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کے تجربہ کار کھلاڑی دباؤ کے لمحات میں بہترین کھیل پیش کرتے ہیں اور لیونل میسی نے کھیل کا رخ موڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹوخل نے سیمی فائنل تک رسائی کو ٹیم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس وقت کوئی بھی یہ بات سننا پسند نہیں کرے گا لیکن ورلڈ کپ کے آخری چار میں پہنچنا ایک اہم کارنامہ ہے مگر ہر کھلاڑی کا خواب فائنل کھیلنا ہوتا ہے، اسی لیے اس شکست کی مایوسی زیادہ ہے۔

تیسری پوزیشن کے میچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کی توجہ اس مقابلے پر نہیں لیکن انہیں پیشہ ورانہ انداز میں اس میچ کے لیے بھی تیار ہونا ہوگا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ سیمی فائنل میں 55ویں منٹ تک انتھونی گورڈن کے گول کی بدولت 1-0 سے آگے تھا مگر اینزو فرنانڈس اور لاؤتارو مارٹینز نے گول کر کے ارجنٹینا کو 2-1 سے فتح دلا کر فائنل میں پہنچا دیا۔

اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف انگلینڈ کا 60 برس بعد ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کر دیا بلکہ اپنی تاریخ کے ساتویں ورلڈ کپ فائنل میں بھی جگہ بنا لی۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار کو رجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ فرانس سے ہفتے کی شب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں