ببرک شاہ 5

ببرک شاہ تماشہ ”سیزن فائیو ”کے فاتح قرار

لاہور( رپورٹنگ آن لائن )نجی ٹی وی چینل کے مقبول رئیلٹی شو ”تماشہ سیزن فائیو ”میں اداکار ببرک شاہ فاتح قرار پائے جنہیں ٹرافی اور انعامی رقم دی گئی ۔ شو کے گرینڈ فائنل میں میزبان عدنان صدیقی نے ببرک شاہ کی کامیابی کا اعلان کیا۔تماشہ ایک رئیلٹی شو ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا ء ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے مختلف چیلنجز، ٹاسک اور نامزدگیوں کے مراحل سے گزرتے ہیں۔

تقریباً دو ماہ جاری رہنے والے مقابلے میں شرکا ء کو اپنی صلاحیتوں، حکمت عملی اور عوامی ووٹنگ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع ملا۔ پانچویں سیزن کے فائنل میں چھ امیدواروں نے جگہ بنائی جن میں ببرک شاہ، اسرا عائشہ، ڈاکٹر زی خان، فصیح خالد، یاسر عالم اور سامیہ حجاب شامل تھے۔شو کے دوران کھانے پینے کے اخراجات بھی شرکا ء کے درمیان گفتگو کا موضوع بنے رہے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایک کروڑ روپے کی مجموعی رقم میں سے 53 لاکھ روپے کھانے پر خرچ ہوئے جبکہ باقی 47 لاکھ روپے ببرک شاہ نے انعام کی صورت میں حاصل کیے۔ ببرک شاہ کی کامیابی پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات دئیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں