ٹیکس 9

انکم ٹیکس گوشواروں کی قانونی طور پر آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی جائے’لاہور ٹیکس بار

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی قانونی طور پر آخری تاریخ 30 نومبر 2026 مقرر کی جائے ،عوام قومی فریضہ سمجھ کر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں اور اپنی آمدن و مالی معاملات کی درست معلومات فراہم کریں۔

لاہور ٹیکس بار کے صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری چودھری فاروق گجر، نائب صدر میاں عثمان جاوید، جوائنٹ سیکرٹری علی رضا چیمہ اور فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عوام کو ایف بی آر کے جدید انیلی جنس ٹولز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، اپیل ہے کہ عوام اپنی درست معلومات فراہم کریں ۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیداران نے کہا کہ ایس آر او 1495(I)/2026 اور انکم ٹیکس رولز کے متعلقہ قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس دہندگان کو 90 روز کی مہلت ملنی چاہیے۔

ریٹرن فارم یکم جولائی 2026 تک قانونی اور تکنیکی نقائص سے پاک حالت میں ایف بی آر پورٹل پر دستیاب ہونا چاہیے تھا جبکہ فارم کو حتمی شکل دینے میں تاخیر ہوئی جس سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں قانونی طور پر30 نومبر 2026 تک توسیع کی جائے۔ بصورت دیگر اس معاملے پر وفاقی ٹیکس محتسب اور متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کے قانونی راستے اختیار کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں