ہمایوں اختر خان

اے پی سی کے نام پر اپوزیشن کی اُٹھک بیٹھک سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے نام پر اپوزیشن جماعتوں کی اُٹھک بیٹھک سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں بلکہ در حقیقت اپنی سیاسی بقاءکےلئے اس طرح کی سرگرمیاں کرنا اپوزیشن کی مجبوری ہے ،

سابقہ حکومت نے غلط فیصلوں سے معیشت کوتنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے غیر معمولی فیصلوں سے انتہائی قلیل مدت میں معیشت کو ریسکیو کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یہاں تک اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں لیکن حالات کی ستم ظریفی ہے کہ سب کا مل بیٹھنا ان کی سیاسی بقاءکےلئے نا گزیر ہے ۔

ہمیں اپوزیشن کی سر گرمیوں سے کوئی خوف نہیں لیکن سوال یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے ذاتی مفادات اور سیاست کےلئے تو اکٹھی ہو جاتی ہیں لیکن ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز دینے کےلئے کبھی اس طرح کا اکٹھ نہیں کرتیں ۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مسائل کے باوجود آگے بڑھ رہی ہے اور اس نے بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں ۔ کورونا وائرس کی وباءسے پہلے ملک درست سمت میں گامزن ہو چکا تھا اور ترقی کی رفتار روزانہ کی بنیاد پر تیز ہو رہی تھی ۔

حکومت معیشت کو چلانے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اسٹیٹ بینک نے بھی مختلف شعبوں کو عروج دینے کی پالیسیوں کو تقویت دینے کےلئے شرح سود میں کمی ،قرضوں کو موخر کرنے سمیت دیگر مثبت اقدامات اٹھائے ہیں