پشاور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن میں 22 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔گورنر نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 10 سالہ معصوم بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت خطے اور دنیا میں امن کےفروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، تاہم دہشتگرد عناصر ان کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔









