سنیتا آہوجا 7

ایک اداکار کی بیوی بننے کے بعد آپ کو اپنا دل پتھر کا رکھنا پڑتا ہے،سنیتا آہوجا

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے دھوکہ دہی کی افواہوں کے باجود اداکار کے ساتھ رہنے کی اہم وجہ بتادی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا نے نیٹ فلکس کے ریئلٹی شومیں حصہ لیا لیکن طبی وجوہات کی بنا پر شو سے باہر نکلنے والی وہ پہلی شریک ہیں، شو میں اپنی مختصر شرکت کے دوران سنیتا نے گووندا کے مبینہ معاشقوں کے بارے میں بات کی تھی۔

حال ہی میں ہونے والی ایک گفتگو میں سنیتا نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر گووندا کا ساتھ نہیں چھوڑیں گی، حالانکہ ان کے اعتماد اور محبت کو بارہا آزمائش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سنیتا آہوجا نے شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھروسہ بہت بڑی چیز ہے، مجھے نہیں لگتا کہ فلم انڈسٹری کا کوئی بھی ہیرو دودھ کا دھلا ہوگا، ہم سے زیادہ تو وہ لوگ ہیروئنز کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، تو یہ آپ کے پیار پر انحصار کرتا ہے کہ آپ اسے کس طرح لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ایک اداکار کی بیوی بننے کے بعد آپ کو اپنا دل پتھر کا رکھنا پڑتا ہے، میں جب 15 سال کی تھی، تب گووندا سے پیار کیا تھا، آج 56 سال کی ہو گئی ہوں اور آج بھی انہیں اتنا ہی پیار کرتی ہوں، میں نے گووندا کو بہت بار معاف کیا ہے مجھ سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہوں گی، گووندا ہمیشہ کہتا ہے یہ میری بیوی نہیں بچی ہے۔واضح رہے کہ سنیتا آہوجا اور گووندا کے درمیان طلاق کی خبریں متعدد بار میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں