ایف بی آر 10

ایف بی آر نے جولائی میں ہدف سے 40 ارب روپے زائد ٹیکس وصول کر لیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی 2026 کے دوران مقررہ ہدف سے 40 ارب روپے زائد ٹیکس وصول کیا۔

ایف بی آر کی دستاویزات کے مطابق جولائی کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 780 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، جبکہ خالص وصولیاں 820 ارب روپے رہیں۔دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر 918 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا، جس میں سے 98 ارب روپے مختلف مدات میں ٹیکس ریفنڈز کی صورت میں واپس کیے گئے۔

انکم ٹیکس کی مد میں جولائی کے دوران 343 ارب روپے کی مجموعی وصولیاں ہوئیں، تاہم 35 ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کے بعد خالص وصولیاں 308 ارب روپے رہیں، جو 323 ارب روپے کے ہدف سے کم تھیں۔سیلز ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 413 ارب روپے جمع کیے گئے، جبکہ اس دوران 53 ارب روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔

ایف بی آر کے مطابق جولائی میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 48 ارب روپے وصول ہوئے، جبکہ اس کا ہدف 47 ارب روپے مقرر تھا۔اسی طرح کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں جولائی 2026 کے دوران 115 ارب روپے وصول کیے گئے، جو 105 ارب روپے کے مقررہ ہدف سے 10 ارب روپے زیادہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں