ایرانی ریال 9

ایرانی ریال مزید سستا، پاکستانیوں کی خریداری میں اضافہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ایرانی ریال کی قدر میں امریکی ڈالر اور پاکستانی روپے سمیت اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں مزید کمی ہوگئی ہے، تاہم پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی طلب برقرار ہے اور بعض پاکستانی شہری مستقبل میں ریال کی قدر میں اضافے کی توقع پر اس کی خریداری کررہے ہیں۔

ایرانی مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کے بدلے 5 لاکھ 85 ہزار 842 ایرانی ریال مل رہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز 100 پاکستانی روپے کے عوض 5 لاکھ 83 ہزار 516 ریال مل رہے تھے۔ اس حساب سے ایک پاکستانی روپے کی قدر تقریباً 5 ہزار 858 ایرانی ریال بنتی ہے۔اسی طرح امریکی ڈالر کی قدر 16 لاکھ 19 ہزار 512 ریال سے بڑھ کر 16 لاکھ 24 ہزار 371 ریال ہوگئی، جبکہ ایرانی کرنسی کے مقابلے میں دیگر اہم عالمی کرنسیوں کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی بلیک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 22 لاکھ 80 ہزار سے 23 لاکھ 10 ہزار ریال تک میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ ایک یورو کی قیمت تقریباً 26 لاکھ 50 ہزار سے 26 لاکھ 80 ہزار ریال تک پہنچ گئی ہے۔

ایرانی ریال کے مقابلے میں ایک یورو 18 لاکھ 88 ہزار 746 ریال، برطانوی پاؤنڈ 21 لاکھ 99 ہزار 693 ریال، سوئس فرانک 20 لاکھ 7 ہزار 759 ریال، اماراتی درہم 4 لاکھ 42 ہزار 307 ریال اور سعودی ریال 4 لاکھ 33 ہزار 166 ریال کا ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی مرکزی بینک کی جانب سے مانیٹر کی جانے والی 45 کرنسیوں میں سے 42 کی قدر ایرانی ریال کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب برقرار ہے، تاہم جنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس کی خریداری کے رجحان میں کچھ کمی آئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کا پیکٹ اس وقت 5 ہزار سے 6 ہزار پاکستانی روپے میں خریدا اور فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ اپریل میں یہی پیکٹ 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک میں دستیاب تھا۔رپورٹ کے مطابق موجودہ اوپن مارکیٹ نرخ اب بھی ایرانی مرکزی بینک کے جاری کردہ سرکاری نرخ سے زیادہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں