شعیب ملک

اگر بابر چاہتا ہے میں کھیلوں تو کھیلوں گا ورنہ نہیں،شعیب ملک

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)آل رائونڈر شعیب ملک نے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر کہا ہے کہ اگر بابر چاہتا ہے میں کھیلوں تو کھیلوں گا ورنہ نہیں۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ کپتان بابر اعظم سے بات ہوتی ہے، آخری ورلڈکپ میں بھی بابر اعظم نے مجھ سے پوچھا تھا کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں ؟ آپ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں یا کھیلنا چاہتے ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ میں نے بابر کو واضح کیا تھاکہ کرکٹ کو دئیے گئے اتنے سالوں بعد میں ضرور اتنا حقدار ہوں کہ مجھ سے پوچھا جائے کہ میں کیا چاہتا ہوں، میں نے بابر کو بھی بتایا تھا کہ جو چیزیں ماضی میں میرے ساتھ ہوئیں ان کو لے کر میں مزید نہیں کھیلنا چاہتا۔سابق کپتان نے کہا کہ اپنی فٹنس یا کارکردگی سے متعلق بھی میں نے بابر کو واضح کیا تھا کہ آپ مجھے اور میرے کھیل کو جانتے ہو، میں ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا اگر آپ میرے ساتھ ڈیل کرتے ہو اورآپ مجھ سے چاہتے ہو کہ میں مزید کھیلوں تو میں ضرور کھیلوں گا،

میں نے پاکستان کے لیے بہت سی چیزیں چھوڑی بھی ہیں اور پاکستان کے لیے ہمیشہ سے دستیاب رہا ہوں، اب بھی ہوں۔شعیب ملک نے کہا کہ میں نے بابر کو کہا تھا کہ آپ مجھے بتا گے، میں منتخب سیریز کھیلوں یا منتخب میچز کھیلوں، یہ ڈیل کسی اور کے بجائے آپ مجھ سے کرو، اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں کھیل سکتا ہوں تو میں دستیاب ہوں جس پر بابر نے مجھ سے کہا کہ ٹھیک ہے اور بابر نے ہی مجھے بتایا، اس کے بعد مجھے بنگلا دیش سیریز کھیلنا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ریسٹ کرنا ہے تاکہ دوسرے لڑکوں کو چیک کیا جاسکے اور بابر کی اسی چیز کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ اس نے مجھ سے بطور کپتان بات چیت کی اور یہی ہونا بھی چاہیے۔