کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اورنگی ٹائون میں پانی کے شدید بحران کیخلاف درخواست پر واٹر کارپوریشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4ہفتوں میں جواب طلب کرلیاہے۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں اورنگی ٹائون میں پانی کے شدید بحران کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ اورنگی کی آدھی سے زائد آبادی پانی کو ترس رہی ہے۔ ٹینکر بھی دستیاب نہیں، عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ صوبائی حکومت، واٹر بورڈ اور میئر عوام کو پانی دینے میں ناکام ہیں۔ 30 سے 45 دن بعد پانی آتا ہے، جو کے شہریوں کیلئے ناکافی ہے۔ متوسط طبقہ مہنگے ٹینکر افورڈ نہیں کرسکتا۔ غیر قانونی ہائیڈرینٹس اور ناجائز کنکشنز بھی بحران کی جڑ ہیں۔ واٹر سیوریج بورڈ بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہے۔
میئر بطور چیئرمین واٹر بورڈ موثر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ عدالت نے درخواست پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے عدالت نے 4 ہفتوں تک حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ جماعت اسلامی کے یوسی 6 چیئرمین حاشر عمر، زاہد اقبال کی جانب درخواست دائر کی تھی۔







