کراچی(رپورٹنگ آن لائن)کوکین ڈیلر انمول پنکی کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق انمول پنکی کو نواب ٹائون لاہور سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا، کراچی پولیس کے گارڈن میں چھاپے پر سوالات اٹھ گئے۔
منشیات اسمگلر انمول پنکی کی گرفتاری کے معاملے میں نیا موڑ آگیا، پنکی لاہور میں بیٹھ کر کراچی سمیت پورے ملک میں نیٹ ورک چلاتی رہی، پولیس کو کانوں کان خبر نہ ہوئی لیکن منشیات پر کام کرنے والا حساس ادارہ اس تک پہنچ گیا، پنکی کو واٹس ایپ آن ہونے کی وجہ سے لاہور سے ٹریس کیا گیا۔
حساس ادارے نے انمول پنکی کو لاہور سے گرفتار کرکے کراچی پولیس کے حوالے کیا، انمول پنکی منشیات کے مقدمات میں کراچی پولیس کو مطلوب تھی، کراچی پولیس کے گارڈن میں فلیٹ پر چھاپہ مار کر انمول پنکی کو گرفتار کرنے کے بیان پر سوالات اٹھنے لگے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس افسران اطمینان سے دروازے پر پہنچے اتنے ہی اطمینان سے انمول نے دروازہ کھولا، مرد اہلکار خواتین اہلکاروں کے ساتھ فلیٹ میں داخل ہوئے، انمول پنکی کی تلاشی لی گئی، اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی اور ملزمہ کی گرفتاری ڈال دی گئی۔









