عاصم منیر 8

امریکہ ایران تکنیکی مذاکرات آج، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

برگن سٹاک (رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ ایران تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے جس مین شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزر لینڈ پہنچے ہیں، قطر بھی ان مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

ایکس پر جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت پر عملدرآمد کی حمایت اور اس کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے تسلسل میں برگن سٹاک سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ مذاکراتی بیٹھک کیلئے فریقین کے وفود کی برگن سٹاک آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایرانی وفد بھی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کی قیادت میں برگن سٹاک پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد کو ’میناب 168‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں